گھن پورہ میں اشرار کی شرانگیزی ایک شخص کی موت کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے کشیدگی

محبوب نگر ۔ /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے قلعہ گھن پورہ علاقہ میں اشرار کی جانب سے ایک شخص کی موت کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بی سرینواس نامی شخص جو قلعہ گھن پورہ کے مسلم قبرستانوں پر قبضہ کی کوشش کی تھی انتقال کرگیا ۔ اس کی موت کو لیکر سنگوٹھم نامی شخص کی قیادت میں اشرار کی ٹولی نے محمد امتیاز نامی بااثر مسلم شخص کی الیکٹریکل شاپ کے سامنے متوفی سرینو کی نعش کے ساتھ ہنگامہ برپا کردیا اور مسجد کے صدر رؤف صاحب کے علاوہ نعیم صاحب و امتیاز صاحب کو سرینو کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ۔ ان کے خوف سے گاؤں کے مسلمان اپنے گھروں میں بند رہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ و کونسلر نے شریمتی راما راجیشوری ایس پی سے فون پر ربط پیدا کرکے حالات سے واقف کرایا اور مسلمانوں کے جان و مال کو تحفظ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ایس پی صاحبہ نے تیقن دیا کہ اشرار کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور زائد فورس روانہ کرتے ہوئے حالات کو فوری قابو میں کرلیا جائے گا ۔ اس موقع پر مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر ذاکر جڑچرلہ اور سعادت اللہ حسینی موجود تھے ۔