گڑمبہ کاروبار ترک کرنے والے 26 اقلیتی افراد کی باز آبادکاری

حیدرآباد۔/24مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کلکٹریٹ کی جانب سے مسلم طبقہ کے 26 افراد کو گڑمبہ فروخت کرنے کے کاروبار سے نجات دلاتے ہوئے انہیں مالی امداد دی گئی ہے۔ حکومت کی اسکیم کے مطابق 26 اقلیتی طبقہ کے افراد کو فی کس 2 لاکھ روپئے منظور کئے گئے جس کے تحت وہ چھوٹے کاروبار کا آغاز کرسکتے ہیں۔ محمد الیاس احمد اسسٹنٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد، افضل الدین سپرنٹنڈنٹ ایکسائیز اور سب انسپکٹر ایم اشوک نے آج شمس آباد میں5 استفادہ کنندگان کو دو لاکھ روپئے مالیتی کرانہ و جنرل اسٹور کا سامان فراہم کیا۔ حکومت نے تلنگانہ سے گڑمبہ کے کاروبار کے خاتمہ کیلئے باز آبادکاری اسکیم متعارف کی ہے۔