گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری

مقامی افراد میں بے چینی، صدرنشین وقف بورڈ نے پولیس میں شکایت کی ہدایت دی،قابضین کو پولیس کی مدد
حیدرآباد ۔ 12 ۔جون (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مقامی افراد اور مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں کی توجہ دہانی پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج بورڈ کے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ معائنہ کے بعد قابضین کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی جائے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بھی اس مسئلہ پر متعلقہ پولیس عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے اراضی کے سلسلہ میں جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت کے باوجود مقامی کمپنیوں نے تعمیری کام کو جاری رکھا ہے ۔ اراضی پر موجود مسجد عالمگیر کے قریب تک غیر مجاز سرگرمیاں جاری ہیں۔ مسجد کے راستے اور پارکنگ کے علاقہ کو تحویل میں لینے کیلئے قابضین کی مساعی پر مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں نے صدرنشین وقف بورڈ سے ملاقات کرتے ہوئے صورتحال سے واقف کرایا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہائیکورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے باوجود پولیس اور ریونیو حکام خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان دونوں محکمہ جات کا رویہ غیر مجاز قابضین کے حق میں دکھائی دے رہا ہے ۔ عیدگاہ اور مسجد کے تحت 90 ایکر اراضی موجود ہیں لیکن زیادہ تر حصہ غیر مجاز قابضین کے کنٹرول میں ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے ابھی تک پولیس میں دو ایف آئی آر درج کئے گئے اور ہائیکورٹ میں غیر مجاز قابضین کے خلاف توہین عدالت کی 2 علحدہ درخواستیں داخل کی گئیں۔ ان تمام کوششوں کے باوجود عدالتی احکامات کی پرواہ کئے بغیر قابضین کی سرگرمیاں باعث حیرت ہے۔ وقف بورڈ کو پولیس اور ریونیو حکام کا تعاون حاصل نہیں ہے جس کے نتیجہ میں اراضی کا تحفظ ممکن نہیں ہوسکا۔ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو مسجد کے اطراف کا علاقہ بھی قابضین کے کنٹرول میں چلا جائے گا ۔ منصوبہ بند طریقہ سے مسجد کے راستہ کو تنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مقامی افراد میں سخت برہمی کو دیکھتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے صورتحال کی سنگینی سے واقف کرایا ۔ اگر پولیس اور ریونیو حکام عدالتی احکامات پر عمل آوری میں تاخیر کریں گے تو مقامی افراد کی برہمی کو روکنا مشکل ہوجائے گا ۔ سابق میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے پولیس اور ریونیو حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایت جاری کی تھی ۔ وقف بورڈ کی جانب سے نئے گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کو قابضین نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ نے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں لیگل سیکشن کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ۔ اب جبکہ عیدالفطر کے لئے چند دن باقی رہ گئے ہیں، وقف بورڈ نے نماز کے انتظامات کا آغاز کیا ہے۔ بڑی تعداد میں مصلیوں کی آمد کے پیش نظر پارکنگ اور مسجد کے راستہ کی اراضی کو فینسنگ کے ذریعہ محفوظ کرنے کی تجویز ہے۔ اسی دوران چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے کہا کہ اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں بورڈ کے پاس مکمل ریکارڈ موجود ہے اور وہ پولیس و ریونیو حکام سے اس مسئلہ پر بات چیت کریں گے۔