گورنمنٹ ہائی اسکول بھینسہ کے انتظامی کمیٹی کے انتخابات کا انعقاد

بھینسہ۔/31جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ ہائی اسکول بوائز ( طلباء ) بھینسہ کے اسکول انتظامی کمیٹی کے انتخابات کا آج انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں اسکول کے جماعت ششم، ہفتم، ہشتم  کے طلباء کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اس انتخاب میں حصہ لیا اور 9 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں 9 ممبران کے منجملہ 3 ممبران مرد اور 6 خاتون ممبران کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقع پر نو منتخبہ ممبران شیخ مختار کو بلا مقابلہ اسکول انتظامی کمیٹی چیرمین اور ویشالی کو بلا مقابلہ نائب چیرمین منتخب کیا گیا۔ اس انتخاب میں صدر معلمہ ہائی اسکول محترمہ آسیہ بیگم نے الیکشن آفیسر کی حیثیت سے بخوبی خدمات انجام دی اور محکمہ پولیس کی جانب سے سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر اے رگھو کی نگرانی میں سب انسپکٹران عبدالنظیر و اے مہیندر نے بندوبست کی خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں اساتذہ کی جانب سے نو منتخبہ چیرمین، نائب چیرمین اور ممبران کو حلف برداری دلائی گئی۔ اس موقع پر نو منتخبہ چیرمین، نائب چیرمین اور ممبران نے کہا کہ طلباء کے درخشاں مستقبل کیلئے اس کمیٹی کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور طلباء کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت سے کامیاب نمائندگی کی جائے گی اور حکومت کی جانب سے طلباء کیلئے فراہم کردہ اسکیمات سے طلباء کو استفادہ کروانے کیلئے محنت کی جائے گی۔ مذکورہ اسکول انتظامی نو منتخبہ کمیٹی نے تمام اولیائے طلباء سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر اسکول چیرمین شیخ مختار، نائب چیرمین ویشالی اور ممبران بی یشونت، تسلیم بیگم، اصغری بیگم، محمد ابراہیم، افضل بی، اصفیہ بیگم اور شاہین سلطانہ نے تمام اساتذہ عبدالرفیق، عبدالرؤف، گنگادھر، قمر اللہ خان، سید خلیل اور صدر معلمہ آسیہ بیگم نے مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔