گاہکوں کے کریڈیٹ اور ڈبیٹ کارڈ نمبرات حاصل کرنے والا دھوکہ باز گرفتار

سوئپ مشینوں میں الٹ پھیر کرکے پن نمبر کی مدد سے رقم نکالنے کے واقعات

حیدرآباد /12 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبر آباد پولیس نے گاہکوں کے کریڈیٹ اور ڈبیٹ کارڈز کے نمبرات حاصل کرنے والے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو ان نمبرات کے ذریعہ نقلی کارڈز تیار کرتے ہوئے شہریوں کو دھوکہ دے رہا تھا ۔ سائبرآباد کرائم پولیس سائبرآباد کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سی ایچ وائی سرینواس کمار کی اطلاع کے مطابق سائبر کرائم پولیس نے 32 سالہ کیول جیری ڈیسوزا کو گرفتار کرلیا ۔ گذشتہ دنوں سمن کمار 26 سالہ ساکن اترپردیش کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سمپت جگران نامی شخص جو اصل سازشی ہے شہر کے مختلف بار رسٹورنٹس میں اس نے اپنے منتخب افراد کی شناخت کی اور ان ویٹرز کو استعمال کر رہا تھا ۔ سیکمرس مشین کے ذریعہ گراہکوں کے کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈز کی یہ لوگ تفصیلات حاصل کرلیا کرتے تھے اور ان تفصیلات کے ذریعہ دوسرا کارڈ تیار کرتے تھے ۔ ایسے گراہک انکا بہ آسانی نشانہ بنتے تھے ۔ جو اپنی کارڈز کے ساتھ پن نمبر بھی دیا کرتے تھے ۔ کارڈ کی تفصیلات کے بعد حاصل شدہ پن نمبر کے ذریعہ بنک کھاتے سے بہ آسانی رقم نکال لیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ جوبلی ہلز علاقہ میں واقع ہاٹ کپ کلب میں گراہکوں کے ساتھ اکثر ایسے واقعات کی شکایت حاصل ہوئی ہے ۔ سائبر کرائم پولیس نے ایک شکایت پر کارروائی کا آغاز کیا جس میں کلب کے گراہک کے بنک کھاتے سے اس کے علم میں لائے بغیر 40 ہزار روپئے نکال لئے گئے ۔ اس بات کا اس شخص کو اس وقت علم ہوا جب اس نے موبائل فون پر پیغام دیکھا جس کے بعد وہ چوکس ہوگیا اور حیرت کا شکار ہوکر اس نے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ سائبرکرائم پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر بڑے شہروں کممبئی ، دہلی ، گوالیار ، چندی گڑھ کے علاقوں میں واقع اے ٹی ایم سنٹرز سے یہ رقم نکالی گئی ۔ اے سی پی سائبر کرائم نے کارڈز کے استعمال میں شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ۔