کے کے آر کی تمام توجہ سیمی فائنل پر مرکوز :اوتھپا

حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ابتدائی مرحلے میں غیر معمولی مظاہرے کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے اوپنر بیٹسمین رابن اوتھپا نے کہا ہے کہ رواں چیمپئنس لیگ میں آسٹریلیائی ٹیم ہوبارٹ ہوریکینس کے خلاف کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے میں ٹیم کی تمام تر توجہ طاقت کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہوچکی ہے ۔ سیمی فائنل کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے اوتھپا نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ٹورنمنٹ میں ہوبارٹ ہوریکینس نے بہترین مظاہرے کئے ہیں خصوصا اس کے بیٹسمینوں نے جہاں اہم رول ادا کیا وہیں بولنگ شعبہ بھی بہتر ہے۔ ہماری ٹیم مجموعی طور پر حریف کھلاڑیوں کو بحیثیت ٹیم آسان تصور نہیں کرے گی اور انہیں ایک طاقتور ٹیم کے طور پر قبول کیا جائے گا ۔ موجودہ حالات میں کے کے آر نے سیمی فانئل میں اپنی تمام تر توجہ طاقت کو مزید مستحکم کرنے پر مرکوز کرلی ہے اور اس کیلئے ہم محنت بھی کررہے ہیں۔ کے کے آر اور ہوبارٹ ہوریکینس کے درمیان سیمی فانئل 2 اکٹوبر کو کھیلا جائے گا ۔ دوپہر کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے کے متعلق اوتھپا نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لئے انتہائی اہم مقابلہ ہے دوپہر میں کھیلے جانے والے مقابلے کیلئے ہم تیار ہیں۔واضح رہے گذشتہ روز کے کے آر نے ڈولفنس کے خلاف جو کامیابی حاصل کی وہ فاتح ٹیم کی متواتر 13 ویں کامیابی ہے جس کا آغاز اس نے رواں برس آئی پی ایل 20 ٹوئنٹی میں کیا تھا ۔