’’کے ٹی آر مستقبل کے بڑے قائد‘‘

وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کی پیشن گوئی، الیکشن میں کانگریس کا پتہ نہیں رہے گا
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ کے ٹی راما راؤ بہت جلد بڑے عہدہ پر فائز ہوں گے ۔ تلنگانہ بھون میں مئی ڈے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کے ٹی آر کی ستائش کی اور کہا کہ کے ٹی آر مستقبل کے بڑے قائد ہے۔ اگرچہ انہوں نے عہدہ کا کوئی اشارہ نہیں دیا لیکن پارٹی قائدین اندازہ کر رہے ہیں کہ آئندہ چیف منسٹر کے عہدہ کی طرف یہ اشارہ تھا ۔ عوامی خدمات کے سلسلہ میں کے ٹی آر کی زبردست ستائش کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظم ورکرس کے بارے میں کل سے سروے کا آغاز ہوگا جس کے تحت ہر ورکر اور لیبر کو پی ایف اور ای ایس آئی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین نے اپنے دورہ حکومت میں ورکرس کی بنیادی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا تھا لیکن آج ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نئی صنعتوں کے قیام کے سبب 50,000 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ صنعتوں کے قیام اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی کا سہرا کے ٹی آر کے سر جاتا ہے ۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کا اڈریس بھی نہیں رہے گا اور وہ سنگل ڈیجٹ تک محدود ہوجائے گی ۔ وزیر داخلہ نے کودنڈا رام کی تلنگانہ جنا سمیتی کے قیام پر تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے ایک شخص نے پارٹی قائم کی ہے۔ آپ کے ساتھ کون ہے جبکہ عوام تو ٹی آر ایس کے ساتھ ہے۔