کے سی آر کی آج دہلی روانگی کل مودی سے ملاقات متوقع

حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 14جون کو دہلی روانہ ہورہے ہیں 15جون کو دوپہر 12.30 بجے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے ساتھ ہی چندمرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیف منسٹر کے سی آر دہلی گئے تھے مگر وزیر اعظم سے ان کی ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر حیدرآباد واپس ہوگئے تھے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ کو نئے زونس اور ملٹی زونس میں تقسیم کرنے کا کابینہ میں فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ مرکز کو روانہ کردی گئی ہے اس کی منظوری پر بھی وہ مودی سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ساتھ ہی مرکز سے وصول ہونے والے فنڈز، فوج اور وزارت دفاع کی اراضی کے علاوہ دوسرے اُمور پر مذاکرات کرنے کا قوی امکان ہے۔