کے سی آر نے گجویل سے پرچہ نامزدگی داخل کیا

مندر میں خصوصی پوجا، پارٹی کی کامیابی کیلئے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔ 14۔ نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی گجویل سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے آر ڈی او آفس پہنچ کر ریٹرننگ آفیسر کو 2.34 بجے پرچہ جات نامزدگی حوالہ کی۔ قبل ازیں کے سی آر نے وینکٹیشور سوامی مندر میں خصوصی پوجا کرتے ہوئے پجاریوں کا آشیرواد حاصل کیا۔ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر عوام کی جانب سے پرجوش استقبال کیا گیا تاہم انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب کارکنوں اور قائدین کو آر ڈی او آفس میں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ کے سی آر نے دو مقامی قائدین کے ہمراہ آر ڈی او کو پرچہ جات نامزدگی حوالہ کی۔ کے سی آر ہر الیکشن میں پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل کونئے پلی میں واقع وینکٹیشور سوامی مندر کے درشن کرتے ہیں۔ خصوصی پوجا کے موقع پر وزیر آبپاشی ہریش راؤ بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی پنڈتوں کا آشیرواد حاصل کیا ۔ کے سی آر نے پرچہ نامزدگی کے کاغذات اور بی فارم رکھ کر پوجا کی۔ بعد میں کونئے پلی کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت برقی بحران کی صورتحال تھی لیکن حکومت نے چار ماہ کے اندر برقی بحران پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کو متحدہ آندھراپردیش میں 7 گھنٹے برقی سربراہی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے 24 گھنٹے بلا وقفہ سربراہی کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے سربراہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر مکمل ہوجائے گی اور اس پانی سے وینکٹیشور سوامی کے پیر دھوئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں کم وقفہ کے دوران کئی ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اور ہر شعبہ میں تلنگانہ نے ملک میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ چاہے کتنے بڑے عہدہ پر پہنچ جائیں لیکن ان کا دل اسی گاؤں میں رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی ٹی آر ایس امیدوار ہریش راؤ کو ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 1985 ء سے وہ ہر الیکشن میں کونئے پلی پہنچ کر مندر کے درشن کرتے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے آغاز کے وقت بھی انہوں نے مندر میں خصوصی پوجا کی تھی ۔ 2004 ء میں کے سی آر سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ بعد میں انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ۔ ایک سال بعد ضمنی انتخابات میں ہریش راؤ اس حلقہ سے منتخب ہوئے۔ کے سی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں پارٹی کے دوبارہ اقتدار کیلئے آشیرواد دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کا اولین مقصد ہے اور وہ ہر گھر میں خوشحالی اور ہر چہرہ پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔