’کے سی آر آئندہ ماہ اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں ‘: اتم کمار

چار ریاستوں کیساتھ انتخابات منعقد کرنے وزیراعظم مودی سے چیف منسٹر کی دو مرتبہ بات چیت کا دعویٰ

حیدرآباد۔ 19 اگست (پی ٹی آئی) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ریاست میں ان کی پارٹی کے کئی کارکنوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے حذف کردیئے گئے ہیں اور دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آئندہ ماہ اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے تازہ انتخابات منعقد کرواسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے سوشیل میڈیا نیٹ ورک پر اپنے پارٹی کارکنوں سے راست خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چندر شیکھر راؤ آئندہ ماہ اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں اور دیگر چار ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم کے ساتھ تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات بھی منعقد کرواسکتے ہیں۔ کانگریس قائد کے مطابق تلنگانہ اسمبلی کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کیلئے وزیراعظم نریندر مودی سے پہلے ہی دو مرتبہ بات چیت کرچکے ہیں۔ کانگریس کے ایک بیان میں اتم کمار ریڈی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’چنانچہ تنظیم کو مستحکم بناتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کا سامنا کرنے کانگریس کو جنگی خطوط پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے جھوٹے اور بلند بانگ وعدوں کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا اور سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس اندیشے پر کہ وعدوں کی تکمیل میں اپنی حکومت کی ناکامی پر عوام کہیں سڑکوں پر سوال نہ پوچھیں۔ کے سی آر عاجلانہ انتخابات کی تیاری کررہے ہیں حالانکہ ان کی پارٹی کو عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے‘‘۔