کیرالا کو تلنگانہ کی طرف سے 25 کروڑ روپئے کا چیک حوالے

چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر نرسمہا ریڈی نے تھرواننتاپورم میں چیف منسٹر پنارائی وجیئن سے ملاقات کی

حیدرآباد۔ 19 اگست (پی ٹی آئی) کیرالا میں سیلاب سے متاثرہ عوام کو راحت پہونچانے کیلئے حکومت تلنگانہ کی امداد کے طور پر تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کیرالا کے چیف منسٹر پنارائی وجیئن کو تھرواننتاپورم میں آج 25 کروڑ روپئے کا ایک چیک حوالے کیا۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق نرسمہا ریڈی نے ایک ماہ کی تنخواہ کیرالا کے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایات کے مطابق ریاستی وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی نے کیرالا میں سیلاب کے متاثرین کو پینے کا صاف پانی پہونچانے کے مقصد سے 2.50 کروڑ روپئے مالیتی 50 واٹر پیوریفائنگ مشینس بطور عطیہ دیا جو بیگم پیٹ ایرپورٹ سے کیرالا پہونچائے گئے۔ سیلاب زدہ ریاست کو 25 کروڑ روپئے کی امداد دینے چیف منسٹر کے سی آر نے جمعہ کو اعلان کیا تھا۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بھی کیرالا کے فلڈ ریلیف فنڈ کو اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ دیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قبل ازیں آئی ٹی شعبہ کی سرکردہ شخصیات، صنعت کاروں اور تلنگانہ کی دیگر ممتاز شخصیات سے بھی کیرالا کے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ خواہش مند افراد چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں بھی اپنے عطیات جمع کرسکتے ہیں، جن سے موصول ہونے والی رقم کیرالا پہونچائی جائے گی۔ کے سی آر نے کیرالا میں بارش و سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی تھی کہ یہ ساحلی ریاست بعجلت ممکنہ اس سے مقابلہ کرتے ہوئے اُبھر آئے گی۔ این ایس ایس کے مطابق وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کیرالا کے بچوں کیلئے پہلے ہی 20 ٹن دودھ پاؤڈر، اور 50 لاکھ روپئے مالیتی قوت بخش غذائی اشیاء پہونچا چکے ہیں۔