کچھ لوگ صرف پیٹھ درد کے بہانے پاکستان سے فرار ہوجاتے ہیں : مریم

اسلام آباد، 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے تمام قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے وطن واپس ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔پاکستانی اخبار دی ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق مسٹر شریف اور ان کی بیٹی نے وطن واپس لوٹنے کی خبر کی تصدیق کی ہے ۔ مریم نے لندن میں اتوار کو نامہ نگاروں سے کہا کہ ان کے والد مسٹر شریف اور وہ تیرہ جولائی کو لاہور آسکتے ہیں۔ اس سے پہلے دونوں لندن سے اسلام آباد آنے والے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سزا سے بچنے کے لئے ملک سے بھاگتے ہیں لیکن ہم لوگ اس کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر شریف نے خود کو گرفتار کروانے کی بات کہہ کر ایک مثال قائم کی ہے ۔ ان کی قربانیاں بے کار نہیں جائیں گی او راس کا فائد ہ آنے والی نسلوں کو ملے گا۔مریم نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو تحریک اپنے آخری مرحلے میں ہے کیوں کہ 25جولائی کو ووٹنگ ہے ۔ انہوں نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کا نام لئے بغیر کہا کہ پورا ملک ان کے ساتھ اس لئے ہے کیوں کہ ان کے والد نے وطن واپس لوٹنے کا فیصلہ کیاہے لیکن کچھ لوگ پیٹھ میں درد کا بہانہ بناکر ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔اخبار کے مطابق احتساب بیورو نے مسٹر شریف اور ان کی بیٹی کے وطن واپس لوٹتے ہی انہیں گرفتار کرنے سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیئے ہیں۔