کویٹووا نے ریکارڈ تیسری مرتبہ میڈرڈ اوپن جیت لیا

میڈرڈ۔13مئی (سیاست ڈاٹ کام)اسپین میں جاری میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے خاتون زمرے کے سنگلز فائنل میں نمبر دس سیڈ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے ہالینڈ کی ککی برٹینز کو سخت مقابلے کے بعد 7-6،4-6 اور 6-3 سے مات دے کر رواں سال چوتھا اور میڈرڈ میں تیسرا خطاب جیت لیا جس کیلئے انہیں دو گھنٹے اور 51 منٹ کی جدوجہد کرنی پڑی۔اس سے قبل دوسرے سیمی فائنل میں نمبر دس سیڈ کویٹووا نے خود سے بہتر چھٹی سیڈنگ کی مالک ہم وطن حریف کیرولینا پلسکووا کو 7-6 اور 6-3 سے شکست دیکر فیصلہ کن مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔ اسی ٹورنمنٹ کے مرد زمرے کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں نمبر پانچ سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم نے نمبر چھ سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو 6-4 اور 6-2 کی آسان شکست سے دوچار کر کے فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ کینیڈا کے ڈینس شاپووالوف کو دوسرے سیمی فائنل میں 6-1،6-4 سے شکست دینے والے الیگزینڈر زویریو سے ہوگا۔ واضح رہے کہ کوارٹر فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویریو نے نمبر سات سیڈ امریکہ کے جان آئزنر کو 6-4 اور 7-5 سے شکست دی جبکہ کینیڈا کے ڈینس شاپووالوف نے برطانیہ کے حریف کائیل ایڈمنڈ کی امیدیں سخت مقابلے کے بعد 7-5،6-7 اور 6-4 سے ختم کردی۔ علاوہ ازیں ویمنز ڈبلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈ روسی جوڑی ایکٹرینا ماکارووا اور ایلینا ویسنینا نے خطاب پر قبضہ کرلیا جب انہوں نے فیصلہ کن مقابلہ میں فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ اور ہنگری کی ٹائمی بابوس پر مشتمل نمبر تین سیڈ جوڑی کو 2-6،6-4 اور 10-8 سے شکست دی۔