کوبیر کی ترقی کیلئے 20 کروڑ روپئے کی منظوری

کوبیر ( ضلع عادل آباد ) ۔ 30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوبیر منڈل کے نگوا گرام پنچایت میں رکن اسمبلی مدھول جی وٹھل ریڈی نے تلگو میڈیم ہائی اسکول کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ اسکول کے تعمیری کام کیلئے 25 لاکھ روپئے منظوری عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر عوامی نمائندے بھی موجود تھے ۔ بعدازاں رکن اسمبلی مدھول جی وٹھل ریڈی نے کوبیر منڈل کے پارڈی گرام پنچایت کے قریب انٹرمیڈیٹ کالج کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ کالج کے تعمیری کام کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 2 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس دوران رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کوبیر منڈل میں عوام کی فلاح و بہبودی اور ترقیاتی و تعمیری کاموں کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 20 کروڑ روپیوں کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے جن میں کوبیر سے بھینسہ روڈ کی توسیع و تعمیر کیلئے 9 کروڑ روپئے مشن کاکتیہ کے تحت کوبیر منڈل کے چھ تالابوں سے مٹی کی نکاسی و مرمتی کاموں کیلئے 2 کروڑ ، کوبیر میں انٹرمیڈیٹ کالج کیلئے 2 کروڑ سرکاری دواخانہ کیلئے 90 لاکھ روپئے اور تحصیل آفیسر کیلئے 20 لاکھ ، بس اسٹانڈ کیلئے 30 لاکھ اور منڈل کے چارگرام پنچایتوں میں روڈ کی تعمیر کیلئے 3 کروڑ اور دیگر مواضعات جام گاؤں میں ماڈل اسکول موضع نگوا میں ہائی اسکول اور تمام ترقیاتی تعمیری کاموں کیلئے جملہ 20 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں لائی گئی ۔ سابقہ ZPTC شنکر موہن موجودہ ZPTC وسنتارمیش MPTCS کوبیر سرپنچ کوبیر تحصیلدار چندرپرکاش ورما اور محکمہ پولیس عملہ اخباری نمائندوں کے علاوہ عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھی ۔