کم جونگ ان کا ہم شکل توجہ کا مرکز

ہانگ کانگ۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ دنیا کی نظریں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کی ہونے والی تاریخی ملاقات کی جانب لگی ہوئی ہیں، اس ساری گہماگہمی میں ایک شخص ایسا بھی ہے جو خدوخال اور چال ڈھال میں کم جونگ ان کی ہوبہو نقل ہے اور وہ بھی اس وقت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ میڈیا کوریج کا خواہاں ہے۔ ہانگ کانگ کا رہنے والا اور کم جونگ ان کا تقریباً ہم شکل ہاورڈ ایکس ٹرمپ اور کم جونگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے ہی پس منظر میں ایک متبادل کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ حالیہ دنوں میں جب پیونگ چانگ پرمائی اولمپکس کا انعقاد عمل میں آیا تھا اس وقت بھی ہاورڈ نے وہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہم شکل کے ساتھ شرکت کی تھی۔ وہاں پولیس نے اسے اس وقت اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جب وہ دونوں کوریاؤں کے متحدہ پرچم کے ساتھ رقص کرتے ہوئے پایا گیا تھا اور پرچم کو خاتون چیئر لیڈنگ ٹیم کے سامنے لہرا رہا تھا۔ ہاورڈ نے بعدازاں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اس کی اور ٹرمپ کے ہم شکل کی خدمات ایک ہوٹل نے حاصل کی تھی تاکہ ’’اصل‘‘ قائدین کی ہونے والی ملاقات کی زیادہ سے زیادہ تشہیر ہوسکے۔ اس نے کہا کہ ایسا کرنے پر اس کے ارکان خاندان تشویش میں مبتلاء ہیں۔ سیاسی حالات کب کیا رخ اختیار کریں کوئی نہیں کہہ سکتا۔ ہاورڈ کی والدہ تو یہ کہتی ہیں کہ کہیں ان کے بیٹے کا سیاسی قتل نہ ہوجائے۔ اسی لئے انہوں نے اس کی زندگی کا بیمہ کروا رکھا ہے۔ ہاورڈ کی پیدائش ہانگ کانگ میں ہوئی لیکن نشوونما آسٹریلیا میں ہوئی۔ قبل ازیں وہ ایک موسیقار کی حیثیت سے بھی کام کرتا تھا۔ تاہم 2012ء میں جب لوگوں کو یہ پتہ چلا کہ وہ کم جونگ کا ہم شکل ہے تو اس کے کیریئر کا نقشہ ہی بدل گیا اور وہ کم جونگ کے ہم شکل کے طور پر خدمات انجام دینے لگا۔