کمارا سوامی پیر کو راجیو گاندھی کی برسی کے سبب چہارشنبہ کو چیف منسٹر کرناٹک کا حلف لیں گے، تمام علاقائی قائدین مدعو

بنگلورو ، 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں بی جے پی کی تین روز پرانی حکومت گرجانے کے بعد ایچ ڈی کمارا سوامی کانگریس۔ جے ڈی ایس اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے دوسری مرتبہ 23 مئی کو چیف منسٹر بننے جارہے ہیں۔ گورنر وجو بھائی والا نے آج کمارا سوامی کو تشکیل حکومت کیلئے مدعو کیا کیونکہ وہ کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) جوائنٹ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ہیں۔ گورنر سے ملاقات کے بعد کمارا سوامی نے کہا تھا کہ حلف برداری تقریب 21 مئی کو کانتیراوا اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی (ابتدائی خبر صفحہ 5 پر) لیکن رات دیر گئے انھوں نے کہا کہ یہ تقریب 23 مئی کو منعقد ہوگی، لیکن کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ایک جے ڈی ایس لیڈر نے کہا کہ 21 مئی کو سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی برسی ہے، اس لئے حلف برداری کی تاریخ پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 23 مئی مقرر کیا گیا ہے۔ کمارا سوامی نے بتایا کہ انھیں تشکیل حکومت کی دعوت ملنے پر متعدد قومی و علاقائی قائدین نے مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ تقریب حلف برداری میں صدر کانگریس راجیو گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی کے ساتھ ساتھ ممتا بنرجی، مایاوتی، این چندرابابو نائیڈو، کے چندرشیکھر و دیگر قائدین کو مدعو کررہے ہیں۔