کشمیر میں مسلح تصادم، لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر سمیت 6 جنگجو ہلاک

سری نگر 23نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر آزاد احمد ملک سمیت 6 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘اننت ناگ آپریشن۔ چھ جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ ہتھیار اور جنگی سازو سامان برآمد کیا گیا۔ آپریشن جاری ہے ‘۔انتظامیہ نے جنگجوؤں کی ہلاکت کے پیش نظر ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف ضلع اننت ناگ کے مختلف حصوں میں جمعہ کو احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھرپیں ہوئیں۔ جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کے مرتکب احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔مسلح تصادم میں مارے گئے چھ میں سے دو جنگجوؤں کی شناخت آزاد احمد ملک عرف داد ساکنہ آرونی اور ان کے ساتھی بشیر میر ساکنہ کھنہ بل اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے ۔

آزاد ملک جنگجو تنظیم لشکر طیبہ کا ایک اعلیٰ کمانڈر تھا۔ اس پر معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت کا الزام ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سکی پورہ بجبہاڑہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 3 راشٹریہ رائفلز اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران 6 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعہ اعلیٰ الصبح ضلع اننت ناگ کے سکی پورہ گا[؟]ں کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا اس دوران جنگجوؤں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 6جنگجو ہلاک ہوئے ۔بیان میں کہا گیا ‘سلامتی عملے نے مارے گئے جنگجوؤں کی نعشیں تحویل میں لے کر اُن کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی ہے ۔ جھڑپ کی جگہ بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔عوام الناس سے ایک بار پھر التماس ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔