کشمیر میں داعش موجود نہیں : ڈی جی پی دلباغ سنگھ 

سری نگر : جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے وادی میں داعش کی بھاری تعداد مںی موجودگی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں اگرچہ داعش موجود نہیں ہے لیکن ایسے عناصر موجو دہیں جو داعش کی فکر کی تشہیر کر کے نوجوانو ں کو انتہا پسند کی راہ پر گامزن کررہے ہیں ۔

سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ماضی میں سرعام داعش کے جھنڈوں کی نمائش کر کے یہ باور کروانے کی کوشش کی گئی تھی کہ یہاں بھاری تعداد میں داعش موجود ہیں ۔سری نگر کے جامع مسجد میں پیش آئے واقعہ کے حوالہ سے انہوں نے بتایا کہ یہاں ایک سیکولر ماحول ہے جس میں مذہبی مقامات کو مقدس گردانا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد چند نقاب پوش افراد نے مسجد میں داخل ہوکر منبر پر داعش کے جھنڈے کو لہرانے کی کوشش کی تھی ۔ اس واقعہ کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے شدید مذمت کی ہے ۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ 2018سال مجموعی طور پر پر امن رہا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سیکوریٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائیوں کے مقامات پر جانے سے احتراز کریں اور اپنی قیمتی جانو ں کو ضائع ہونے سے بچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ کے دوران ۴۵؍ پولیس اہلکار ہلاک جبکہ سیکوریٹی فورسز کے بھی ۴۰؍ اہل کار ہلاک ہوئے ۔