کشمیرمیں خونریزی ، پلوامہ میں خاتون قتل ، 4 شہری زخمی

کپواڑہ میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے فوجی ہلاک
سرینگر 17اگست (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعہ کے روز نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک خاتون کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے 38 سالہ شمیمہ اختر زوجہ علی محمد بٹ پر دربگام میں ان کے والدین (میکے ) کے گھر کے نزدیک گولیاں چلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شدید طور پر زخمی ہونے والی شمیمہ کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں جمعہ کے روز جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں چار عام شہری زخمی ہوئے ۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘اونتی پورہ میں جنگجوؤں کی طرف سے گرینیڈ داغا گیا۔ اس میں ایک شہری شدید طور پر زخمی ہوا’۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے جمعہ کو دوپہر کے وقت ایس پی اونتی پورہ کے دفتر کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے پھٹنے سے چار عام شہری زخمی ہوئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے پبلک ہیلتھ سینٹر اونتی پورہ منتقل کیا گیا جہاں سے دو زخمیوں کو سری نگر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک زخمی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرال گنڈ ہندواڑہ میں جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہوا۔دریں اثنا ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا ہے ۔ مسلح تصادم کے مقام پر احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔