کسی کا مستقبل داؤ پر نہیں لگایا:انضمام الحق

لاہور ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹیم سلیکشن کے دوران انہوں نے کسی کا مستقبل داؤ پر نہیں لگایا۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم سلیکشن میں کسی کھلاڑی کا مستقبل داؤپر نہیں لگایا،وہ عمدہ پرفارمنس اور ٹیم کی کامیابی کے لئے ہی سلیکشن کرتے ہیں ۔فاسٹ بولر محمدآصف کو منتخب نہ کرنے پرانضمام الحق نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیااور کہا کہ جو 16 کھلاڑی بہترین تھے انہیں ہی سلیکٹ کیا گیا ہے ۔انگلینڈ میں پریکٹس میچ کے دوران بلے بازوں کی ناقص کارکردگی پر انضمام نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں۔مشکل ٹور کی وجہ سے ٹیم کو جلد بھیجا گیا اور امید ہے کہ ٹسٹ سیریز تک پاکستان ٹیم ماحول میں ایڈجسٹ کر لے گی۔خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب ٹیم کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں سب سے زیادہ اوسط کے حامل فواد عالم کو شامل نہ کرنے پر انضمام الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔