کریسنٹ اکیڈمی کے 13طلبا آئی اے ایس کے مین امتحان میں نمایاں طور پر کامیاب

نئی دہلی – اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرانے والی کریسنٹ اکیڈمی کے تیرہ [13]طلبا آئی اے ایس کے مین امتحان میں نمایاں طور پر کامیاب ہوئے ہیں۔ کریسنٹ اکیڈمی گذشتہ ایک دہائی سے دہلی میں یو نین پبلک سروس کمیشن کے ایکزام کی تیاریوں کے لئے سرگرم کوچنگ کراتا ہے۔

اس ادارے سے اب تک آئی اے یس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس اور الائیڈ سروسیز میں 150 بچے کامیاب ہو چکے ہیں جو ملک کی کوئی 20 ریاستوں میں مختلف عہدوں پر قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

یہ اطلاع دیتے ہوئے ادارے کے روح رواں مولانا فضل الرحیم مجددی نے بتا یا کہ قوم کے ہونہار بچوں کے ذریعہ قوم کی ترقی رُخی خدمت کے لئے اعلی ملازمتوں میں ان کی شمولیت کا دائرہ وسیع کرنے کا ایک منصوبہ بھی جلد عمل میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عبد الرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر نگرانی اس ادارے کی دہلی میں ہی ایک مسقتل عمارت تعمیر کی جائے گی جہاں آئی ایس اور دیگر اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریاں کرائی جائیں گی۔کم سے کم 150 بچوں کے ایک ہاسٹل کا قیام بھی شامل منصوبہ ہے۔

مولانا مجددی نے بتا یا کہ عبد الرحیم ٹرسٹ جہاں اس ادارے کے ذریعہ یو پی ایس سی کے امتحانات کی تیاری کراتا ہے وہیں راجستھا ن میں انگلش میڈیم اسکولوں کی سیریز بھی چلاتا ہے ۔ ان اسکولوں میں کوئی چار ہزار سے زیادہ بچے زیر تعلیم ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اس تعلیمی حلقے کو بھی مزید وسعت دینے کے لئے ٹرسٹ نے ہر سال ایک نیا انگلش میڈیم اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2018 کے اپریل میں ایک نئے اسکول کے افتتاح کی تیاریاں چل رہی ہیں۔