کرناٹک کا ناٹک ختم، کمار سوامی نے مقابلہ کے بغیر خط اعتماد جیت لیا

کانگریس کے رمیش کمار بلا مقابلہ اسپیکر منتخب، کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کو دو اہم کامیابیاں
بنگلورو 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں تین دن قبل تشکیل شدہ کمارا سوامی حکومت نے قانون ساز اسمبلی میں خط اعتماد جیت لیا۔ بی جے پی ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ جے ڈی (ایس) ۔ کانگریس اتحاد اور اس حکومت کی حامی دیگر ارکان اسمبلی نے ندائی ووٹ کے ذریعہ کمارا سوامی حکومت پر اظہار اعتماد کیلئے پیش کردہ تحریک کو منظور کرلیا۔ خط اعتماد پر رائے دہی سے قبل بی جے پی کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اپوزیشن لیڈر بی ایس یدی یورپا نے کمار سوامی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور حکمراں اتحاد کو ’ناپاک گٹھ جوڑ‘ قرار دیا۔ کمارا سوامی نے کہاکہ ان کی حکومت سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے گی۔ اپوزیشن کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز سے عین قبل اسپیکر عہدہ کیلئے بی جے پی کے امیدوار ایس سریش کمار نے اپنی پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی جس کے بعد کانگریس کے سینئر رکن کے آر رمیش کمار کو متفقہ طور پر اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔ اس طرح چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کو ایوان میں اکثریت کے امتحان کا سامنا کرنے سے پہلے بڑی کامیابی حاصل ہوگئی۔

ایوان کی کارروائی کے آغاز سے کچھ دیر قبل سریش کمار نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت کی ہدایت پر وہ اسپیکر کے عہدہ کیلئے اپنے پرچہ نامزدگی سے دستبردار ہورہے ہیں۔ سریش کمار جو شہر بنگلورو سے پانچویں میعاد کیلئے ایوان کیلئے منتخب ہوئے ہیں، گزشتہ روز اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا جو اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ چیف منسٹر کمارا سوامی ایوان میں اکثریت کے امتحان سے گزرنے سے قبل جے ڈی (ایس) ۔ کانگریس کو اسپیکر کے عہدہ کیلئے سخت مقابلہ کیلئے مجبور کیا جائے۔ ایوان میں جیسے ہی تمام ارکان جمع ہوئے عبوری اسپیکر کے جی بوپیا نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ بی جے پی کے سنیل کمار اُٹھ کھڑے ہوئے اور کہاکہ سریش کمار کو اسپیکر کے عہدہ پر تجویز کرنے سے متعلق تحریک پیش نہیں کریں گے جس پر سریش کمار نے کہاکہ ’میں اتفاق کرتا ہوں‘۔ بعدازاں سابق چیف منسٹر اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر سدارامیا نے رمیش کمار کا نام تجویز کیا جس کی ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور نے تائید کی اور ایوان نے اس تحریک کو منظور کرلیا۔ چیف منسٹر کمارا سوامی و بی جے پی لیڈر یدی یورپا نے منتخب اسپیکر رمیش کمار کو کرسی صدارت پر پہونچایا۔ 104 ارکان کے ساتھ بڑی جماعت بی جے پی نے یہ قدم محض اس لئے اُٹھایا کیوں کہ اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے درکار ارکان کی تائید حاصل کرنے ناکام ہوگئی تھی۔ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد نے 117 ارکان کی تائید کا ادعا کیا تھا۔ ان میں کانگریس کے 78 ، کمارا سوامی کی جے ڈی (ایس) کے 36 ، بی ایس پی کا ایک رکن شامل ہے۔ اس اتحاد نے ایوان میں بی جے پی کے واحد رکن اور ایک آزاد رکن کی تائید حاصل ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔