کرناٹک وتریپورہ کے گورنرس کی آج سبکدوشی

نئی دہلی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) گورنر کرناٹک ایچ آر بھردواج اور گورنر تریپورہ دیوآنند کنور کل اپنے عہدوں سے سبکدوش ہوجائیں گے جبکہ ٹاملناڈو اور میزورم کے گورنرس کو کرناٹک اور تریپورہ کے گورنرس کے زائد فرائض تفویض کئے گئے ہیں۔ 77 سالہ بھردواج جو یوپی اے۔ I کے دور حکومت میں وزیر قانون تھے، 29 جون 2009 ء کو کرناٹک کے گورنر کے عہدہ پر فائز ہوئے تھے اور تب سے اب تک اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ تاہم اب گورنر ٹاملناڈو کے روشیا کرناٹک کے گورنر کی زائد ذمہ داری نبھائیں گے۔ راشٹرپتی بھون سے جاری ایک بیان کے مطابق جب تک کرناٹک کے گورنر کے لئے کسی مناسب قائد کا تقرر ہونے تک کے روشیا یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔ دوسری طرف 71 سالہ دیوآنند جو آسام میں کانگریس کے سابق وزیر تھے، اُنھیں پہلے 29 جون 2009 ء میں بہار کا گورنر بنایا گیا

جس کا سلسلہ 21 مارچ 2013 ء تک جاری رہا۔ اُس کے بعد اُنھیں تریپورہ کے گورنر کا عہدہ تفویض کیا گیا۔ میزورم کے گورنر وکوم بی پروشوتھمن کو تریپورہ کے گورنر کی زائد ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ گورنر میگھالیہ کے کے پال اپنی موجودہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ناگالینڈ کے گورنر کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔ اس طرح اب ملک میں پانچ راج بھون ایسے ہیں جہاں گورنرس کے عہدے مخلوعہ ہیں۔ مرکزی حکومت کے دباؤ کے تحت گورنر اترپردیش بی ایل جوشی، گورنر چھتیس گڑھ شیکھر دت اور گورنر ناگا لینڈ اشونی کمار نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت بی جے پی کے سینئر قائدین کو گورنرس کے عہدوں پر فائز کرنے غور و خوض کررہی ہے۔ مزید دو گورنرس ایم کے نارائنن (مغربی بنگال) اور بی وی ونچو (گوا) میں جلد ہی اپنے استعفے پیش کریں گے۔