کانگریس کے رکن اسمبلی کانکیا کی آج ٹی آر ایس میں شمولیت

کے سی آر سے ملاقات کا منصوبہ ، ایلندو حلقہ کے رکن کے استعفے سے کانگریس کو نقصان
حیدرآباد۔ 31 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر کے کانکیا نے کانگریس سے مستعفی ہونے اور یکم ستمبر کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کیلئے ایک اور بُری خبر ہے کہ ضلع کھمم اسمبلی حلقہ ایلندو کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ آج کانگریس سے مستعفی ہورہے ہیں اور کل چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف اور صرف اپنے حلقہ کو ترقی دینے اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ فیصلہ کرنے سے قبل انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی کے عوام سے مشورہ کیا ہے۔ ان کی رضامندی پر ہی وہ ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے تین دن قبل چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ کانگریس کے یہ دوسرے رکن اسمبلی ہے، جنہوں نے حکمراں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس سے قبل ضلع عادل آباد کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کانگریس کے قائد مقننہ مسٹر کے جانا ریڈی نے ان کے خلاف اسپیکر اسمبلی سے شکایت کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے اور اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کی یادداشت پیش کی تھی۔