کانگریس کو اقتدار پر خانگی تعلیمی اداروں کی مکمل حوصلہ افزائی کا وعدہ

تعلیمی اداروں کے معاملہ میں ٹی آر ایس کی نیت میں کھوٹ : راہول گاندھی کا خطاب

حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس صدر راہول گاندھی نے پیپلز فرنٹ کی حکومت تشکیل پانے پر خانگی تعلیمی اداروں کی مکمل حوصلہ افزائی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کے جی تا پی جی تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانگی تعلیمی اداروں کے معاملہ میں ٹی آر ایس کی نیت میں کھوٹ ہے۔ خانگی تعلیمی ادارے تلنگانہ اور ملک کے روشن مستقبل کیلئے انتہائی اہم رول ادا کررہے ہیں اور نئی نسل کو تعلیم کے زیو ر سے آراستہ کرکے ملک کیلئے بڑا اثاثہ تیار کررہے ہیں۔ کانگریس کی شفاف پالیسیاں ہیں ہر گروپ کو نئی ایجادات کے ذریعہ عوام کے کام آنا چاہیئے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے 15 دولت مند افراد کے 3.5 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض معاف کردیا ‘ کسانوں کے قرضوں کو نظر انداز کردیا۔ کانگریس کو اقتدار ملنے پر کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانگی تعلیمی ادارے تلنگانہ میں تعلیم کو فروغ دینے کے معاملہ میں اہم رول ادا کررہے ہیں لیکن ٹی آر ایس حکومت نے کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور خانگی تعلیمی اداروں کے ساتھ سوتیلا سلو کیا روا رکھا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم اجرائی سے تعلیمی اداروں کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔ کانگریس زیر قیادت پیپلز فرنٹ کی حکومت تشکیل پانے کے بعد وقت پر طلبہ کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں تمام مسلمہ خانگی تعلیمی اداروں کے اسٹاف کو ہیلت انشورنس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کا وعدہ کیا ہے۔ الکٹریسٹی بل اور بلدی ٹیکس کی وصولی کی شرح کو معقول بنایا جائے گا ۔

ٹی آر ایس کے دور حکومت میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے جو اقلیتی تعلیمی ادارے بند ہوگئے ہیں انہیں دوبارہ بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی کسی بھی گروپ کی تائید یا مخالفت نہیں کرے گی بلکہ ملک و ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے والوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کے سی آر اور نریندر مودی نے اپنے ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔ مودی نے ہر شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ جمع کرنے سالانہ 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے ، کسانوں کو نئے قرضہ جات جاری کرتے ہوئے کاشت پر اقل ترین قیمت ادا کرنے کے وعدے کئے مگر چوکیدار نے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا۔ ایماندار وزیر اعظم بننے کا وعدہ توڑتے ہوئے رافیل معادہ میں بدعنوانیاں کرتے ہوئے انیل امبانی کو 30ہزار کروڑ روپئے دے دیئے۔ کانگریس نے کبھی پورے نہ ہونے والے کوئی وعدے نہیں کئے اور جو بھی وعدے کئے اس کو پورا کیا ہے۔ گزشتہ 15 سال کا ریکارڈ چیک کرلیں تو اس کا پتہ چل جائے گا۔ کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا، پڑوسی ریاست کرناٹک میں اس کو پورا کرکے دکھایا گیا۔ اس موقع پر صدر تلنگان پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی، سابق چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام کے علاوہ دوسرے سینئر قائدین موجود تھے۔