کانگریس کارکنوں کو متحریک کرنے کی کوشش

نظام آباد یکم / ستمبر ( فیاکس ) قاضی سید ارشد باشاہ ترجمان پردیش کاگنریس تلنگانہ اسٹیٹ نے کہا کہ ساری ریاست میں کاگنریس پارٹی کیڈر کو متحریک کیا جائے گا ۔ بحالت موجودہ عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ٹی آرایس حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانی اسکیمات پر نظر رکھی جائے گی ۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی خواہ اقتدار پر فائز رہے یا نہ رہے ہمیشہ سے عوامی خدمات اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہی ہے ۔ انہوں نے اخباری نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت پارٹی ترجمان مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج صدر پردیش کاگنریس تلنگانہ شری پونالہ لکشمیا سے پارٹی مسائل پر گفتگو کی گئی ۔ جس کے دوران صدر پردیش کانگریس نے انہیں ہدایت دی کہ وہ سنگاریڈی اور میدک کا دورہ کرکے کانگریس کیڈر کو متحرک کریں اور تنظیمی استحکام کے اقدامات کریں ۔ چنانچہ وہ عنقریب سنگاریڈی اور میدک کے دورے پر روانہ ہوں گے ۔ قاضی سید ارشد پاشاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست تلنگانہ میں ذمہ دارانہ طور پر اپوزیشن کا رول انجام دے گی ۔