کانگریس نے بابا صاحب امبیڈکر سے بھی ناانصافی کی :مودی

دھندھکا (گجرات)۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج الزام لگایا کہ صرف ایک ہی خاندان کی فکر کرنے والی کانگریس نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی طرح آئین ساز بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر سے بھی ناانصافی کی تھی۔ آنجہانی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکے 62 ویں مھاپری نروا ن (برسی) پر آج یہاں ایک انتخابی ریلی میں انہوں نے کہا”کانگریس نے صرف سردار پٹیل ہی کی ناانصافی نہیں کی اس نے بابا صاحب امبیڈکر جیسے مادرہندوستان کے عظیم سپوت کیساتھ بھی ایسا ہی کیا۔ اسے ملک کے کسی کونے میں کوئی طاقتور نہیں دکھا کہ اس نے گرا دیا۔ایک خاندان کے مفاد کے لئے مسلسل سازش ہوتی رہی”۔مسٹر مودی نے کہا کہ بابا صاحب نے ملک کے سماجی تانے بانے کو مضبوط بنانے والا حیرت انگیز آئین دیا تھا لیکن آئین ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران جب کانگریس میں پنڈت نہرو کا دبدبہ تھا، بیرون ملک سے پڑھ کر آئے دانشور امبیڈکر کو منتخب کرنے کیلئے شیاما پرساد مکھرجی سے مدد لینے بنگال جانا پڑا تھا۔ملک میں کانگریس کا جب تک پرچم لہراتا رہا کبھی امبیڈکر کو یاد نہیں کیا گیا۔ انہیں ‘بھارت رتن’ دینے میں بھی آنا کانی کی جاتی رہی تھی۔