کانگریس اقتدار پر چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی حقیقی صورت بحال کرنے کا تیقن

عظیم اتحاد کے کانگریس امیدوار چارمینار محمد غوث کا دورہ، عوام سے گھر گھر ملاقات

حیدرآباد۔18نومبر(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی حقیقی صورت بحال کرتے ہوئے چھوٹی گاڑیوں کا راستہ کانگریس اقتدار میں آنے پر فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد غوث کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی چامینار نے لاڈ بازار میں پیدل دورہ کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے مرکزی علاقہ میں تاجرین اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ موجودہ حکومت بغیر کسی پالیسی کے راستوں کو بند کرتے ہوئے علاقہ میں تجارتی سرگرمیوں کو ٹھپ کرنے کے علاوہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کے کاروبار کو متاثر کررہی ہے۔جناب محمد غوث نے کہا کہ وہ اسمبلی کی رکنیت کے لئے مقابلہ نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ انانیت اور خودپرستی کے خلاف گذشتہ دو برس سے جنگ کررہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ جمہوریت میں انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے عوامی تائید کے ذریعہ حکمراں طبقہ کو پیغام دیا جاتا ہے اور اسی لئے وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے مجوزہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں ترقی سے عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کے طور پر پیدل راہرو پراجکٹ کو تبدیل کرتے ہوئے مکمل طور پر راستوں کو بند کیا گیا ہے تاکہ عوام ترقی کی خواہش ہی نہ کریں کیونکہ کوئی بھی ترقی کے نام پر تجارتی سرگرمیوں کو ٹھپ کئے جانے کو پسند نہیں کرتا ۔ جناب محمد غوث نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں وہ ان لوگوں کے خلاف جنگ کر رہے ہیں جو کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے آلۂ کار بنتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے اور خائف کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل اسلام خطرہ میں ہے اور مسلمان خطرہ میں ہے کے نعرے لگاتے ہوئے معصوم عوام کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف وہ سیکولر طاقت کے ساتھ میدان میں ہیں اور عوام سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایاکہ شہر حیدرآباد کے حلقہ چارمینار کے عوام کی جانب سے کیا جانے والا فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک عوام میں خوف پیدا کرتے ہوئے ان پر حکمرانی کی گئی ہے لیکن اب تعلیم یافتہ نوجوانوں میں اس بات کا احساس پیدا ہو چکا ہے کہ ان کا استحصال کیا جا رہا ہے اور اب وہ اس استحصال سے آزاد ہونے کے لئے تیار ہیں۔جناب محمد غوث نے گذشتہ دو یوم کے دوران خلوت‘ شاہ گنج‘ پرانا پل‘ حسینی علم‘ محبوب چوک‘ مہاجرین کیمپ ‘ لاڈ بازار کے علاوہ قادریہ کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کیلئے کانگریس کو مستحکم کریں اور روایتی سیاست کو خیرآباد کریں کیونکہ اب تک کے استحصال کے نتیجہ میں تین سے زیادہ نسلیں تباہ ہو چکی ہیں اور اب اپنے اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کا ایک موقع ہاتھ آیا ہے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے حالات کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔