کانگریس، اقلیت نواز جماعت: اتم کمار ریڈی

صدر ٹی پی سی سی کی ایڈیٹر اِن چیف منصف جناب خان لطیف محمد خان سے ملاقات
حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس ابتداء ہی سے اقلیت نواز پارٹی رہی ہے۔ آزادی سے قبل کانگریس کی قیادت دور اندیش اور دانشور قائد مولانا ابوالکلام آزاد کے ہاتھوں میں تھی۔ آزادی کے بعد بھی کانگریس نے اقلیتی طبقات کی ترقی و خوشحالی کو اہمیت دی۔ آج بھی کانگریس اقلیتی طبقات کو اہمیت دیتی ہے۔ انھوں نے کل ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف جناب خان لطیف محمد خان سے ملاقات کی اور قومی و ریاستی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ٹی آر ایس اور کے چندرشیکھر راؤ کو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے این اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کے چندرشیکھر راؤ نے ہمیشہ اقلیتوں کے جذبات کا استحصال کیا ہے۔ ایک طرف خود کو سیکولر بتاتے رہے تو دوسری طرف کے سی آر بی جے پی کی تائید کرتے آرہے ہیں۔ صدر اور نائب صدرجمہوریہ، اسپیکر پارلیمنٹ کے انتخابات کے وقت بھی ٹی آر ایس نے بی جے پی کی تائید کی۔ نوٹ بندی جیسے احمقانہ فیصلہ جس سے ملک کی معیشت شدید طور پر متاثر ہوئی، عوام کو بے شمار پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا کی بھی ٹی آر ایس کی جانب سے اندھی تائید کی گئی۔ اس کے علاوہ کے چندرشیکھر راؤ نے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے نام پر مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ 2014 ء کے انتخابات سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ حصول اقتدار کے اندرون چار ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ مگر آج ساڑھے چار برس گزر جانے کے باوجود یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اسمبلی میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے حق میں منظورہ قرارداد کو واپس کردیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہاکہ اب انتخابات سے عین قبل مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لئے ساڑھے چار سال بعد صدرنشین اُردو اکیڈیمی کا تقرر عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائد ظفر جاوید، یوتھ کانگریس لیڈر عامر جاوید اور دیگر موجود تھے۔