کاغذ نگر کے خانگی دواخانے میں ایک لڑکی کی موت رشتہ داروں کا پرتشدد احتجاج

کاغذ نگر۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے خانگی دواخانہ نزد امبیڈکر چوک میں ایک آٹھ سالہ لڑکی کی موت پر اس کے رشتہ داروں نے ہنگامہ مچادیا اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے بموجب کاغذ نگر سے 30کیلو میٹر دور وانکڑی منڈل کے موضع بنڈارہ کے رہنے والے نگیش اور پشپا نے اپنی آٹھ سالہ بیٹی کو کاغذ نگر کے بچوں کے خانگی دواخانہ میں شریک کروادیا گیا۔ ڈاکٹر دشرتھم نے علاج کیلئے رضامندی ظاہر کی، ان کی بیٹی انسی شدید بخار میں مبتلا تھی۔ ڈاکٹر نے گلوکوس چڑھاتے وقت تین انجکشن دیئے جس کی وجہ لڑکی ٹھنڈی ہوگئی۔ ڈاکٹر سے کنٹرول نہ ہونے پر انہیں منچریال لے جانے کا مشورہ دیا تاکہ اس کا علاج وہاں کیا جاسکے۔ وہ لوگ کاغذ نگر سے منچریال لڑکی کو لے جارہے تھے کہ کاغذ نگر میں ہی بچی نے دم توڑ دیا۔ بعد ازاں لڑکی کی نعش کو کاغذ نگر کے دواخانہ کو واپس لالیا گیا اور ان کے عزیز و اقارب اور رشتہ داروں نے دواخانہ پہنچ کر دواخانہ کے فرنیچر کو نقصان پہنچایا۔ لڑکی کی والدہ نے ڈاکٹر دشرتھم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی۔ مسٹر روی کمار سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر مہندر، سب انسپکٹر پولیس تحقیقات کررہے ہیں۔