کابینہ کی توسیع پر کانگریس ۔ جے ڈی ایس مذاکرات کا آغاز

بنگلورو 25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کی جانب سے اسمبلی میں اکثریت ثابت کردکھانے کے بعد کانگریس اور جے ڈی ایس کے مابین کابینہ کی توسیع کے مسئلہ پر بات چیت شروع ہوچکی ہے ۔ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے کچھ ہی دیر بعد چیف منسٹر کمارا سوامی نے سابق چفے منسٹر و کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر سدارامیا سے ملاقات کی اور کابینہ کی توسیع کے تعلق سے بات چیت کی ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اس اجلاس میں شریک افراد میں ڈپٹی چیف منسٹر و کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر جی پرمیشورا ‘ پارٹی جنرل سکریٹری و انچارچ کرناٹک کے سی وینو گوپال اور جے ڈی ایچ لیڈر ایچ ڈی ریونا شامل تھے ۔ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد نے پہلے ہی فیصلہ کیا تھا کہ کابینہ میں توسیع ‘ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد کی جائے گی ۔ ذرائع کے بموجب کانگریس قائدین امکان ہے کہ جلد ہی دہلی کا دورہ کریں گے اور کابینہ میں توسیع اور پارٹی کو ملنے والے قلمدانوں کے تعلق سے پارٹی ہائی کمان سے تبادلہ خیال کرینگے ۔ مسٹر پرمیشور نے کل کہا تھا کہ حلیف جماعتیں مل کر کابینہ کی تشکیل کے تعلق سے فیصلہ کرینگی اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جائیگا کہ آیا ایچ ڈی کمارا سوامی ہی پانچ سال کیلئے چیف منسٹر ہونگے یا نہیں۔