ڈی سرینواس کی 19 اکٹوبر کو کانگریس میں شمولیت

نظام آباد میں دَل بدلی کو لے کر بڑے پیمانے پر افواہیں گرم
نظام آباد :12؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سابق صدر پردیش کانگریس و رکن راجیہ سبھا مسٹر ڈی سرینواس کے حامیوں نے آج بڑے پیمانے پر ٹی آرایس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے حیدرآباد پہنچ کر پردیش کانگریس کے صدر اتم کمارریڈی کی صدارت میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ضلع پریشد کی رکن پوپالہ شوبھا ، اقلیتی قائدین میر کاظم علی ، حامد بن غانم ، قیوم این آر آئی ، پانڈو رنگا رائو ، رامرتی گنگادھر ، وینکٹیشم سابق رکن بلدیہ نظام آباد کے علاوہ دیگر اہم قائدین نے آج حیدرآبادپہنچ کر ٹی آرایس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے ان کا پارٹی میں خیر مقدم کیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں سے نظام آباد میں ڈی سرینواس کی افواہیں عام تھی کہ مسٹر ڈی سرینواس ٹی آرایس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے مسٹر ڈی سرینواس کے بجائے ان کے حامیوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے اور یہ بات بھی عام ہے کہ ڈی سرینواس بھی عنقریب میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے اور 19؍اکتوبر کے روز راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے اور 20؍ اکتوبر کے روز کاماریڈی میں منعقدہ جلسہ میں راہول گاندھی کے ساتھ شریک رہیں گے ۔ مسٹر ڈی سرینواس کی کانگریس میں شمولیت سے کانگریس کو استحکام ملنے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ نظام آباد میں پارٹیوں کی تبدیلی کو لیکر بڑے پیمانے پر افواہیں سرگرم ہیں ۔ ڈی سرینواس کے حامیوں کی کانگریس پارٹی میں شمولیت سے نیا تنازعہ بھی پیدا ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ نظام آباد میں انتخابی عمل کے اعلان کے ساتھ ہی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔