ڈینگو مہلوکین کے ورثا کو 20 لاکھ ایکس گریشیا کا مطالبہ ، تلنگانہ تلگو دیشم

کھمم ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( آئی این این ) : تلنگانہ تلگو دیشم نے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں ڈینگو وباء سے نمٹنے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا رہی ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلگو دیشم ایم ایل اے ایس وینکٹ رمنا نے ٹی آر ایس حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس وقت جب عوام ڈینگو اور دیگر وائرل بخاروں سے بیمار ہورہے ہیں تو دوسری طرف ریاستی حکومت سو رہی ہے ۔ ریاست میں ڈینگو سے 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ تاہم ریاستی حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے ۔ ٹی ڈی پی قائد نے ریاستی حکومت سے ڈینگو مہلوکین کے ورثا کو 20 لاکھ امداد چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں طبی کیمپ کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ۔ تلگو دیشم قائد نے بتایا ان کی پارٹی ڈینگو مہلوکین کے لواحقین کو 25 ہزار روپئے کی مالی امداد دے گی ۔۔