ڈاکٹر سنیتا کرشنن کو یدھ ویر فاونڈیشن میموریل ایوارڈ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : 24 واں یدھ ویر فاونڈیشن میموریل ایوارڈ ڈاکٹر سنیتا کرشنن کو ٹریفکنگ کے متاثرین کو بچانے ، ان کی باز آبادکاری اور ایچ آئی وی سے متاثرہ اشخاص کی مدد اور ان پر توجہ دینے کے سلسلہ میں ان کے غیر معمولی کارنامہ کے لیے دیا جائے گا ۔ انہیں یہ ایوارڈ رکن پارلیمنٹ مسز کے کویتا 30 اپریل کو شام 6 بجے ، کے ایل این پرساد آڈیٹوریم ، فیاپسی بھون ، ریڈہلز حیدرآباد میں منعقد شدنی ایک تقریب میں پیش کریں گی ۔ اس تقریب میں مسز کے کویتا ’ امپاورمنٹ آف ویمن ‘ پر ایک لکچر بھی دیں گی ۔ ڈاکٹر سنیتا کرشنن نے سکنڈ جنریشن پریوینشن کے لیے ایک ٹرانزٹ سنٹر کے طور پر 1996 میں پرجوالا نام کی اینٹی ٹریفکنگ آرگنائزیشن قائم کی ۔ انہوں نے افضل گنج پولیس اسٹیشن میں پہلے کونسلنگ سنٹر کا آغاز کیا تھا ۔ جوالا کی کاوشوں کے نتیجہ میں متحدہ آندھرا پردیش حکومت نے 2003 میں اینٹی ٹریفکنگ پالیسی کو اختیار کیا تھا ۔ آج پر جوالاکی جانب سے متاثرین کو اخلاقی ، مالی ، قانون اور سماجی مدد فراہم کی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر سنیتا کرشنن کو متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈس حاصل ہوئے ہیں ۔۔