چینی ٹائروں کی درآمدات پر تحدیدات سے گریز

نئی دہلی۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے چینی ٹائروں کی درآمدات پر فوری امتناع کے امکان کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ ایسا اقدام قبل از وقت ہوگا کیونکہ ان درامدات میں صرف مئی۔ جون 2015ء سے ہی اضافہ ہوا ہے۔ وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رامن نے لوک سبھا میں دیئے گئے ایک تحریر جواب میں بتایا کہ گزشتہ دو مالیاتی سال کے مقابلہ 2014-15ء کے دوران چینی ٹائروں کی درآمدات میں درحقیقت کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’محض مئی ۔ جون 2015ء کے رجحان کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان درآمدات پر تحدیدات عائد کرنا قبل از وقت ہوگا۔‘‘ سیتارامن نے کہا کہ چین کی طرف سے ٹائروں کی ہندوستان میں بھرمار کی تحقیقات متعلقہ ادارہ سے رجوع کردی گئی ہیں جو بغور جائزہ لینے کے بعد مناسب کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کمیشن برائے مسابقت (سی سی آئی) بعض ٹائر کمپنیوں کی جانب سے 2002ء کے مسابقتی قانون کو مبینہ طور پر نظرانداز کئے جانے کی شکایات کا جائزہ بھی لے گا۔