چیف منسٹر کے قافلہ میں شامل کار کو چالان

تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کا الزام ، سوشیل میڈیا پر ملا جلا ردعمل
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کی گاڑیوں کے قافلہ میں موجودگاڑی کو محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے تیز رفتار گاڑی چلانے کا چالان کیا گیا ہے لیکن اب تک اس بات کی وضاحت نہیں ہوپائی ہے کہ یہ چالان ادا کون کرے گا۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 4علحدہ گاڑیوں کو چالان کیا گیاہے جو کہ تیز رفتار سے چلائی جا رہی تھیں۔ گاڑی نمبر TS09-6666 کو چالان کے دوران محکمہ ٹریفک پولیس نے یہ نہیں دیکھا کہ یہ گاڑیاں کس کیہے لیکن چالان جاری کردیا گیا۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کی جانے والی گاڑیوں میں چیف منسٹر کی گاڑی بھی شامل ہے جسے چالان کیا گیا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف چالان کئے جا رہے ہیں اور اس بات سے آگہی حاصل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے کہ گاڑی کا مالک کون ہے۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے چالان کو درست قرار دیتے ہوئے عہدیداروں کا یہ کہنا ہے کہ جو چالان کئے گئے ہیں وہ معینہ رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانے پر کئے گئے ہیں اور یہ چالان راڈر پر ریکارڈ کردہ رفتار کی بنیاد پر کئے گئے ہیں جو کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے۔ سوشل میڈیا پر چیف منسٹر کی گاڑی کو کئے گئے چالان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس نے چالان کر تو دیا لیکن یہ چالان ادا کون کرے گا!۔