چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی گورنر سے ملاقات

حیدرآباد۔/29جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر ریاست تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور کافی دیر تک چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔ راج بھون کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سمجھا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہائی کورٹ کی تقسیم اور ہائی کورٹ کی تقسیم کے مطالبہ پر ریاست تلنگانہ میں ایڈوکیٹس کی جاری ہڑتال اور عدالتوں کے بائیکاٹ کے علاوہ دیگر اہمیت کے حامل اُمور سے گورنر کو واقف کروایا۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ میں آندھرا علاقہ کے ججس کی تعیناتی کے خلاف نہ صرف عہدیداران عدلیہ ( ججس ) ہی نہیں بلکہ اس اقدام کے خلاف ایڈوکیٹس نے بھی بڑے پیمانہ پر احتجاج کا آغاز کردینے سے متعلق بھی چیف منسٹر نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو واقف کروایا اور اس صورت میں ریاست بھر میں ہائی کورٹ کی جانب سے 11سے زائد ججس کو خدمات سے معطل کئے جانے کے اقدامات سے گورنر کو واقف کرواتے ہوئے اس سنگین نوعیت کی صورتحال پر فی الفور مداخلت کرکے ججس کی معطلی کو ختم کروانے کی پرزور اپیل کی۔ مزید بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں بارش کی صورتحال، زرعی سرگرمیوں کے ٹھپ ہوجانے سے متعلق اُمور پر بھی گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔