چھتیس گڑھ میں آج 72 نشستوں پر دوسرے و آخری مرحلے کی پولنگ

رائے پور19نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں دوسرے اور آخری مرحلے کی 72 اسمبلی سیٹوں پر سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان کل پولنگ ھوگی ۔ ووٹنگ کے لئے سبھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاست کے چیف الیکشن دفتر سے ملی اطلاعات کے مطابق اس مرحلے میں جن 13 اضلاع میں ووٹنگ ہونی ہے ، ان میں مھاسمند، گریابند، دھمتری، کوردھا اور بلرام پور نکسلی انتہاپسندی سے متاثر ہیں جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گریابنداور بلرام پور اضلاع میں سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے کئی پولنگ پارٹیوں کو ہیلی کاپٹر سے روانہ کیا جا رہا ہے ۔اس مرحلے میں کل 1079 امیدوار اپنی قسمت الیکشن میں آزما رہے ہیں جس میں 119 خواتین ہیں۔ ووٹنگ کے لئے 19296 پولنگ مرکز بنائے گئے ھیں ۔ تقریبا ایک کروڑ 53 لاکھ 85 ہزار سے زائد ووٹر اپنے حق رائے دہی کا ستعمال کرسکیں گے ۔ نکسلی انتہاپسند علاقوں کے سبھی پولنگ مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔ووٹنگ کو پرامن طریقہ سے ختم کروانے کے لئے وسیع بندوبست کئے گئے ہیں۔ ریاستی پولیس فورسز کی تقریبا 650 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایئر فورس کے کئی ہیلی کاپٹر اور احتیاط کے طور پر ایمبولینس بھی موجود رہیں گی ۔اس مرحلے میں جن سیٹوں پر پولنگ ہوگی ان میں جنتا کانگریس۔ بی ایس پی اتحادکے وزیراعلیٰ عہدے کے امیداور اجیت جوگی کی سیٹ مرواہی ، کانگریس پارٹی اراکین کے لیڈر ٹی ایس سنگھ دیوکی سیٹ امبیکاپور، ریاستی کانگریس صدر بھوپیش بگھیل کی سیٹ پاٹن، ریاست کے بی جے پی صدر دھرم کوشک کی سیٹ بلہاہ، اسمبلی اسپیکر گوري شنکر اگروال کی سیٹ کسڈول، کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے صدر سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر چرن داس مہنت کی سیٹ سکتي شامل ہے ۔ریاست کے وزرا برج موہن اگروال کے علاقہ رائے پور جنوبی، امر اگروال کے علاقہ بلاسپور، پریم پرکاش پانڈے کے علاقہ بلائی نگر، راجیش مونت کے علاقہ رائے پور مغرب، بھیارام رجواڑے کے علاقہ بینکٹھ نگر ، رام سیوک پیکرا کے پرتاپ پور، پنولال موھلے کے علاقہ ممنگیلی، اجے چندراکر کے علاقہ کرود میں کل الیکشن ہوگا ۔اس مرحلے میں سب سے زیادہ 46 امیدوار رائے پور جنوبی سیٹ سے ہیں۔اس کے بعد 37 امیدوار رائے پور مغربی سیٹ اور 33 امیدوار بلاسپور ضلع کی بلہا سیٹ سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان تینوں سیٹوں پر تین تین ای وی ایم مشین لگانی پڑیں گی جبکہ 15 ایسی سیٹیں ہیں جہاں پر 16 سے زائد امیدواروں کی وجہ سے دو ای وی ایم مشین لگائی جائیں گی۔ اس مرحلے میں سب سے کم 06 امیدوار گاریابند ضلع کے بندراواگڑھ سیٹ سے الیکشن میدان میں ہیں ۔اس مرحلے کی زیادہ تر سیٹوں پر بی جے پی اور اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے ۔کئی سیٹوں پر جنتاکانگریس بی ایس پی اتحاد نے انتخابی مقابلے کو سہ رخی بنانے کی کوشش کی ہے ۔