چاند نظر آگیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

حیدرآباد 4 جون (راست) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہِ شوال المکرم 1440 ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف، ورنگل، کڑپہ، بنگلور، کھمم، ہبلی، بیلگام، عادل آباد، بیدر، نرمل اور جنتور مہاراشٹرا سے مطلع کہیں صاف اور کہیں ابرآلود ہونے کی اطلاعات ملیں البتہ بلہاری، رائچور کے قریب، کلکتہ اور پورنیہ (بہار) سے چاند نظر آنے کی اطلاعات ملیں۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 5 جون 2019 ء بروز چہارشنبہ یکم شوال المکرم 1440 ھ ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد، حضرت مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، حضرت مولانا سید حامد محمد افتخار پاشاہ قادری اور قاضی سید نوراللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔

شیعہ علماء کا بیان
سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چاند نظر نہیں آیا لیکن ہندوستان کے کئی مقامات سے رویت کی اطلاع ملی ہے لہذا 5 جون 2019 ء چہارشنبہ کو یکم شوال المکرم 1440 ھ اور عیدالفطر ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے۔ مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا سید ظفریاب حیدر، مولانا رضا عباس خاں، مولانا سید جلال حیدر، مولانا عسکری علی خاں اور مولانا سید جواد عابدی۔