چارمینار کے دامن میں ساری رات رونقیں عروج پر

حیدرآباد ۔15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : دسہرہ تہوار کی وجہ سے جہاں ایک جانب اسکولوں اور کالجوں کو تعطیلات ہیں وہیں نوراتری کے لیے ہندو برادری کے رات میں پروگرامس کی وجہ سے تاریخی یادگار چارمینار میں رات کے اوقات ہجوم بڑھ گیا ہے ۔ چارمینار کے دامن میں گذشتہ چند دنوں سے مقامی اور مسلم افراد کی بہ نسبت ہندو برادری خاص کر نوجوانوں کی کثیر تعداد دیکھی جارہی ہے ۔ عینی شاہدین نے کہا ہے کہ چارمینار میں رات 11 بجے کے بعد ہجوم کم ہونے کا اس میں اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے اور عوام فجر کی اذان تک بھی دکھائی دے رہے ہیں ۔ ان دنوں چارمینار دوستوں کے لیے سیر سپاٹے کے علاوہ کسی تقریب کے منانے کے لیے بھی پہلی پسند بن چکا ہے ۔ جیسا کہ مشاہدہ کیا جارہا ہے اکثر نوجوانوں کی ٹولی اپنے کسی دوست کی سالگرہ منانے کے لیے تاریخی یادگار عمارت کا رخ کررہی ہے کیوں کہ سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد دوستوں کے ساتھ چارمینار کے دامن میں سیلفیز لے کر اسے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے دن کو یادگار بنانے کا رجحان بھی بڑھنے لگاہے جس سے چارمینار کے دامن میں ساری رات رونقیں عروج پر دکھائی دے رہی ہیں ۔ دریں اثناء چارمینار کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بی انجیا نے کہا کہ ہم اس طرح کی تقریب میں مداخلت نہیں کرتے ہاں جب تک کہ یہ نوجوان کوئی مسئلہ پیدا نہ کریں ۔ چونکہ یہاں 24 گھنٹوں سیکوریٹی کیمرے اپنی کارکرد ہیں ۔ لہذا کسی بات کی فکر کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ چارمینار کے دامن میں بیٹھنے اور پانی کا بہتر انتظام ہونے کی وجہ سے بھی اب ساری رات تاریخی عمارت کے دامن میں رونق دکھائی دے رہی ہے ۔۔