پی ڈی پی نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ، اتحاد کا ارادہ نہیں : سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم

کرگل : کانگریس کے سینئر لیڈر او رسابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکرٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) سے اتحاد کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جموں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ایک بہت بڑا دھوکہ کیا ہے اورا سے ریاست کے لوگ کبھی معاف نہیں کریں گے ۔پی چدمبرم کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا پالیسی پلاننگ گروپ خطہ لداخ کے دورے پر آیا ہوا ہے ۔

یہاں پر انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔کانگریس کے پی ڈی پی سے اتحاد سے متعلق فواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر پی چدمبرم نے کہا کہ پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا ۔او ریہ بات ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ پی ڈی پی اوربی جے پی کااتحاد ایک ناپاک اتحاد ہے ۔پی ڈی پی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔اورعوام اس جماعت کو کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

آج لوگ خوش بھی ہے کہ یہ اتحاد زیادہ دنوں تک ٹک نہیں پایا ۔پی چدمبرم نے کہا کہ پارٹی کے پالیسی پلاننگ گروپ کے دورہ لداخ کا مقصد آنے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ جموں کشمیر کے لوگوں تک پہنچنے کیلئے کیاگیا ہے ۔

ہم لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ہم اضلاع کا بھی دورہ کریں گے ۔ یہ ملاقاتیں ہمیں انتخابات کیلئے تیار ہونے میں مدد کرسکتی ہیں ۔ہم لوگوں سے مل کر ان کی پریشانیوں کے بارے میں دریافت کریں گے او ران کے مطالبات کیا ہیں جانیں گے ۔