پی سی بی کا میچوں کے انعقاد کیلئے متبادل مقامات پر غور

لاہور ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں رواں سال موسم سرما میں نجی لیگ کے انعقاد اور مصروف شیڈول کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اپنے میچوں کے انعقاد کے لیے متبادل مقامات پر غور شروع کردیا ہے ۔واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ رواں سال اکتوبر میں اپنی ٹی20 لیگ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کریں گے جبکہ رواں سال کے اختتام پر ٹی10 لیگ بھی امارات میں شیڈول ہے ۔پی سی بی نے اپنے مالی تحفظات خصوصاً پاکستان سپر لیگ کے لیے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ سے اس بات کی تحریری یقین دہانی مانگ لی ہے کہ وہ رواں سیزن اکتوبر سے مارچ کے دوران کسی اور لیگ کی میزبانی نہیں کریں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں نجی لیگ کے مصروف شیڈول کے سبب متبادل مقام ڈھونڈنا شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے 5 ملکوں میں پاکستان اپنے میچوں کی میزبانی کر سکتا ہے ۔ان میں اولین انتخاب ملائیشیا ہے اور پی سی بی آفیشل پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر متحدہ عرب امارات نے یقین دہانی نہ کرائی تو ہم اپنے میچ ملائیشیا منتقل کردیں گے ۔