پی ایم سمان ندھی یوجنا : کسانوں کے اکاونٹ میں آئے 2-2 ہزار روپے چند گھنٹوں میں ہی ہوگئے “واپس “۔

پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کے اکاونٹ میں دو ہزار روپے تو ملنے لگے ہیں ، لیکن اونا میں کچھ کسانوں کے اکاونٹس سے یہ پیسہ واپس بھی ہوگیا ہے۔ اونا کے بنگانا کے کچھ کسانوں کے کھاتے میں دو ہزار تو آئے ، لیکن اکاونٹ سے واپس بھی ہوگئے ۔ جب وہ لوگ بینک پہنچے تو بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت آئے پیسے اسی دن یا اس کے دوسرے دن واپس ہوگئے تھے ۔ ایسا کیوں ہوا ، یہ نہ تو بینک انتظامیہ اور نہ ہی انتظامیہ کے افسران بتاپارہے ہیں ۔ اب دیگر کسانوں کو بھی پیسہ واپس جانے کا ڈر ستانے لگا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق بنگانا سب ڈویزن میں دو ہیکٹیئر اراضی والے کئی کسان ہیں۔ کاغذی کارروائی پوری کرنے کے بعد ریوینیو محکمہ کے اہلکاروں نے جانچ کے بعد ان کی آن لائن درخواستیں بھیجی تھیں ۔ بعد میں ان کے اکاونٹ میں پیسہ تو آگیا ، لیکن واپس بھی چلا گیا ۔ زیادہ تر کسانوں کا پیسہ سینٹرل بینک آف انڈیا کی بنگانا برانچ میں آیا اور گیا ہے ۔ پیسہ واپس جانے کو لے کر بینک ملازمین کچھ بھی بتانے سے انکار کررہے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس میں بینک کا کوئی رول نہیں ہے ۔ پیسہ حکومت نے بھیجا تھا ، وہیں واپس گیا ہے ۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ڈی ایم کا کہنا ہے کہ اس میں بینکوں کی کوئی لاپروائی نہیں ہے ۔ جانچ کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔