پیڈ نیوز پر قابو پانے خود اصلاحی نظام ضروری : صدرجمہوریہ

نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بعض اشاعتی اداروں کی جانب سے مالیہ کے حصول کے لئے ’’پیڈ نیوز‘‘ کی اشاعت پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج کہاکہ اِس قسم کے وقتی رجحانات پر قابو پانے کے لئے ’’خود اصلاحی نظام‘‘ کی ضرورت ہے۔ ذرائع ابلاغ کو اُنھوں نے مستقبل کا حال بتانے والا ’’بلّوری گیند‘‘ قرار دیتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ لاکھوں ہندوستانیوں کی نظریں ذرائع ابلاغ پر جمی رہتی ہیں۔ قوم کو اہم چیالنجس درپیش ہیں جو ’’اہم خبروں‘‘ اور فوری شہ سرخیوں کے دباؤ سے ماورا ہیں۔

اُنھوں نے کہاکہ اِس سلسلے میں وہ نشاندہی کرنا چاہتے ہیں کہ بعض اشاعتی اداروں کی جانب سے پیڈ نیوز شائع کرنے کا رجحان اور اشاعت میں اضافہ کے لئے اِسی قسم کی حکمت عملیاں اختیار کرنا تاکہ مالیہ حاصل کیا جاسکے، پریشان کن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے وقتی رجحانات پر قابو پانے کے لئے خود اصلاحی نظام ی ضرورت ہے۔ خبروں کی آواز کو خاموش کردینے کی ترغیب کی بھی مزاحمت ہونی چاہئے۔ صحافت کو چاہئے کہ مؤثر نظام قائم کرے۔ تعمیر قوم کا نظریہ پیش نظر رکھے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری اور فرض ہے کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نظریات پر غیر جذباتی انداز میں بحث ہوتی ہے اور خیالات کا اظہار کسی کے خوف یا کسی کی تائید کے بغیر ظاہر کیا جاتا ہے جس کی بنیاد مکمل معلومات پر ہوتی ہے۔