پولیس نے میرا ٹوئیٹر اکاؤنٹ بند کردیا

سماجی کارکن وجئے گوئل کا ادعا، یہ درست نہیں ہے:رچہ کنڈہ پولیس
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) پولیس اب شہریوں کے سوشیل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرنے میں مصروف ہے۔ سماجی کارکن وجئے گوئل نے شکایت کی ہے کہ رچہ کنڈہ پولیس نے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بند کردیا ہے جبکہ رچہ کنڈہ پولیس نے وضاحت کی کہ یہ درست نہیں ہے۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دوبارہ چیک کیا جاسکتا ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش بھاگوت سے سوال کیا گیا کہ آخر وجئے گوئل کے اکاؤنٹ کو بلاک کیوں کیا گیا تو انھوں نے کہاکہ یہ غلط ہے۔ رچہ کنڈہ پبلک ریلیشنس ٹیم نے دعویٰ کیاکہ وہ وجئے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کے تعلق سے لاعلم ہے۔ وجئے گوئل نے الزام عائد کیاکہ پولیس کا عملہ سوشیل میڈیا سے نمٹ رہا ہے۔ ایسے عملہ کو قانون کے مطابق تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ سوشیل میڈیا کے غلط استعمال کے تعلق سے پولیس سے شکایت کرنے پر پولیس نے ان کے ہی اکاؤنٹ کو بند کردیا۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہندوستان کے شہریوں کے اکاؤنٹس کو حکومت کے ٹوئٹر کے ذریعہ سوشیل میڈیا پر روک کس طرح لگائی جاسکتی ہے۔ ہائیکورٹ کے وکیل ارجن کے بی نے کہاکہ ٹوئٹر پر کسی شخص کے اکاؤنٹ کو بند کرنا ایسا ہی ہے جیسے کسی شہری کو اپنی شکایت درج کروانے کے لئے ٹیلی فون تک رسائی حاصل کرنے سے روک دینا ہے۔ قبل ازیں امریکہ میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ناقدین اور صحافیوں کے اکاؤنٹس کو بند کردیا تھا۔