پلوامہ حملہ: آکل جماعتی میٹنگ

جموں و کشمیر میں سری نگر کے پلوامہ میں جمعرات کو ہوئے خودکش حملے میں سی آر پی ایف کے 49 جوان شہید ہو گئے ہیں اور اس واقعہ کے بعد ملک بھر کے لوگوں میں ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس تعلق سے مودی حکومت نے آج (16 فروری) 11 بجے کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں حکومت سبھی پارٹیوں کو پلوامہ میں ہوئے حملے اور حکومت کے ذریعہ اب تک اٹھائے گئے اقدام کی جانکاری دے گی۔

اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف پورا اپوزیشن ایک ساتھ ہے اور فوج و حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ جمعہ کو راہل گاندھی نے اس سلسلے میں ایک خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یہ واقعہ بہت افسوسناک ہے، یہ حملہ ہندوستان کی روح پر حملہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’دہشت گردوں کی منشا اس ملک کو بانٹنے اور توڑنے کی ہے۔ لیکن اس ملک کو کوئی بھی بانٹ نہیں سکتا۔ پورا اپوزیشن ایک ساتھ سیکورٹی فورسز اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم ہر شہید کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کو کوئی طاقت نہیں توڑ سکتی۔‘‘

دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو ہی جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ہوئے حملے کے بعد حالات کا جائزہ لینے گئے تھے۔ پلوامہ حملہ میں شہید جوانوں کا جسد خاکی سری نگر سے دہلی لایا گیا اور 16 فروری کو کئی جوانوں کے جسد خاکی ان کے آبائی شہر بھی پہنچ گئے۔