پشاور میں کمرشیل پلازہ کی تعمیر کیلئے تاریخی عمارت کا انہدام

پشاور 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ اداکار راج کمار کے آبا و اجداد کے مکان کے قریب ایک تاریخی عمارت کو پاکستان کے پشاور شہر میں منہدم کردیا گیا تاکہ یہاں ایک کمرشیل پلازہ تعمیر کیا جاسکے ۔ اس کارروائی پر دو سرکاری محکمہ جات کے مابین اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے عمارت کے مالک اور مخلوعہ ٹرسٹ پراپرٹی کے ڈپٹی ڈائرکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے جس نے عمارت کے انہدام کیلئے این او سی جاری کیا تھا ۔ پولیس نے ابھی اس کیس میں ایف آئی آر درج نہیں کیا ہے ۔ یہ عمارت 1830 سے 1860 کے درمیان تعمیر کی گئی تھی اور یہ لکڑی کے استعمال سے بنائی گئی تھی ۔ اسے پشاور شہر کا ورثہ سمجھا جاتا تھا اور محکمہ آثار قدیمہ اس کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنا چاہتا تھا ۔ چند دن قبل سوشیل میڈیا پر یہ مسئلہ اٹھائے جانے سے عمارت کے انہدام کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔