پشاور میں خودکش حملہ، 20 مہلوکین میں انتخابی امیدوار بھی شامل

پشاور ۔11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے شمال مغربی پشاور سٹی میں ایک انتخابی ریالی کے دوران طالبان کے خودکش حملہ میں کم و بیش 20 افراد بشمول عوامی نیشنل پارٹی (ANP) کے ایک سینئر قائد ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 30 بتائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو عام انتخابات منعقد شدنی ہیں اور اس سے قبل انتخابی ریالی پر کیا جانے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ PK-78 حلقہ رائے دہی سے اے این پی قائد ہارون بلور انتخابی میدان میں ہیں جو پارٹی کا دیگر ورکرس کے ساتھ ایک کارنر میٹنگ کیلئے جمع ہوئے تھے۔ دھماکہ بلور کی گاڑی کے قریب ہوا جو اے این پی کے سابق قائد مرحوم بشیر بلور کے فرزند ہیں جو اتفاق سے خود بھی 2012ء میں طالبان کے خودکش بم حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے جب پشاور میں مرحوم اپنی پارٹی کے ایک اجلاس میں شریک تھے۔ لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل کے ترجمان ذوالفقار علی بابا نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد پہلے 13 تھی تاہم بعدازاں مزید 7 افراد کے زخموں سے جانبر نہ ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔ سٹی پولیس سربراہ قاضی جمیل نے بھی ہارون بلور کی ہلاکت کی توثیق کی۔