پرواسی بھارتیہ دیوس کا آئندہ سال وارانسی میں انعقاد

واشنگٹن ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ پرواسی بھارتیہ دیوس ہندوستان کے مقدس شہر وارانسی میں منعقد کیا جائے گا۔ آئندہ سال جنوری میں جس وقت اس کا انعقاد ہوگا تو بیرونی ممالک کے علاوہ ہندوستانی شہریوں (ہندوؤں) کو بھی ’’کمبھ اسنان‘‘ کے علاوہ نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی پریڈ کے نظارہ کا بھی موقع ملے گا۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے ارکان نے یہ بات بتائی۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے وزیر برائے کمیونٹی امور انوراگ کمار نے ہندوستانی ۔ امریکن کمیونٹی کے قائدین جن کا تعلق نہ صرف واشنگٹن اور اطراف و اکناف سے تھا بلکہ میری لینڈ اور ورجینیا سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے تھے، سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایونٹ کی تفصیلات کو قطعیت دی جارہی ہے تاکہ دنیا بھر سے ہندوستانی ہندوؤں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ 21 جنوری تا 23 جنوری پرواسی بھارتیہ دیوس کا انعقاد کیا جائے گا اور اب کی بار کمبھ اسنان کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی اور 26 جنوری کے موقع پر نئی دہلی میں جس عظیم الشان پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے، پرواسی بھارتیہ دیوس کے شرکاء پریڈ کا نظارہ بھی کریں گے۔ دیگر کمیونٹیز کی تنظیموں کے اشتراک سے نیشنل کمیونٹی آف ایشین انڈین اسوسی ایشن نے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا تھا جہاں انوراگ کمار کو مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران یہ بات بتائی۔ دیگر کمیونٹیز کی تنظیموں میں اسوسی ایشن آف انڈین مسلمس، علیگڑھ الومنی اسوسی ایشن، انڈین کلچرل کوآرڈینیشن کمیٹی، سیوا اور تمل سنگم آف گریٹر واشنگٹن شامل ہیں۔ انوراگ کمار نے کہا کہ اس بات کو خاص طور پر نوٹ کیا گیا ہیکہ جب جب پرواسی بھارتیہ دیوس کا انعقاد کیا جاتا ہے تو روایتی طور پر اس میں امریکی شرکاء کی تعداد زیادہ ہوتی ہے لہٰذا اس بات پر زور دیا جائے کہ اس ایونٹ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ تشہیر ہو تاکہ امریکہ سے شرکت کرنے والے مندوبین کی تعداد پہلے سے کہیں زیادہ ہو۔ وزارت خارجہ کی اترپردیش حکومت کے ساتھ اشتراک سے 15 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کا تھیم ’’نئے ہندوستان کی تعمیر میں ہندوستانی برادری کا کردار‘‘ ہوگا۔