پرانے شہر کے ایک اسکول میں انڈہ کھانے پر پابندی

ٹفن میں صرف روٹی کی اجازت ، اسکول انتظامیہ کے خلاف شکایت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : خانگی اسکولوں میں من مانی فیس کی وصولی ، کتابوں کی خریداری ، برانڈیڈ جوتے پہننے کو لازم قرار دئیے جانے کے بعد اب ایک نیا واقعہ پیش آیا جہاں پرانے شہر کے ایک اسکول میں انڈے لانے کی اجازت نہ دینے کے علاوہ دوپہر کے کھانے میں چاول کی بجائے روٹی لانے پر طلبہ کو مجبور کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب مہیشوری ودیالیہ ، حسینی علم کے والدین نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ان کے بچے کو دوپہر کے کھانے میں چاول اور انڈہ لانے سے منع کردیا گیا اور ہدایت دی کہ وہ لنچ میں روٹی ہی لے کر آئیں ۔ اس مسئلے پر فوری حرکت میں آتے ہوئے بالالا حقولا سنگھم نے تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جس پر اسکول کی منتظم مونیکا نے کہا کہ وہ طلبہ کو ظہرانہ میں چاول لانے کی اجازت نہیں دیتے کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ والدین رات کا کھانا یا باسی کھانا دیں گے ۔ جب انڈے کے متعلق استفسار کیا گیا تو صدر اے راؤ نے کہا کہ یہ اسکول مہیشوری کمیونٹی کا ہے لہذا وہ گوشت خوری کی اجازت نہیں دیتا اور انڈے کھانے کی بھی ممانعت ہے ۔ مذکورہ تنظیم نے اسکول انتظامیہ کی ایک حرکت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ طلبہ کو تغذیہ بخش غذاؤں سے دور رکھنا غلط ہے ۔ نیز اسکول کے اس برتاؤ کے خلاف ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد سے شکایت بھی کی گئی ہے تاکہ بچوں کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک کا سدباب کیا جاسکے ۔۔